سلسلہ 18
اللہ تعالیٰ کے جلالی اسماء


اللہ تعالیٰ کے جمالی اسماء سے یہ بات واضح ہوگئی کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحم و کرم کے ساتھ ان کی تمام دینی و دنیوی ضروریات کی تکمیل فرماتا ہے۔ اپنے بندوں سے بے پناہ محبت فرماتا ہے اور ان کی ہر پکار کو سنتا ہے۔ اسی کے اسمائے حسنیٰ کے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ وہ اپنے تمام بندوں کے لیے جتنا نرم اور رحم دل ہے، بغاوت اور سرکشی کرنے والوں کے لیے اتنا ہی سخت بھی ہے۔ اس کے پاکیزہ ناموں میں سے ’’القھار‘‘، ’’المنتقم‘‘ اور ’’الجبار‘‘ اسی وصف کو ظاہر کرتے ہیں۔ قہار کا مطلب ہے قہر نازل کرنے والا، منتقم کا مطلب ہے انتقام لینے والا اور جبار کا مطلب ہے شدید سختی کرنے والا۔

اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کو چلانے کے لیے ایک نظام بنایا ہے۔ وہ نظام اس کائنات کے لیے بھی سب سے بہتر ہے اور اس کائنات کی ہر جاندار اور بے جان مخلوق کے لیے بھی اس سے بہتر نظام نہیں ہوسکتا۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو اس نظام کی پاس داری کے لیے بے شمار نبیوں اور کتابوں کو بھیجا، تاکہ انسان اس نظام کو نہ توڑے۔ اس کے باوجود جو لوگ خدا کی بغاوت پر آمادہ ہوجاتے ہیں، اللہ تعالیٰ ایک مدت تک ان کو چھوٹ دینے کے بعد سخت پکڑ فرماتا ہے۔ اپنی پکڑ کے بارے میں وہ خود اعلان بھی فرماتا ہے: ان بطش ربک لشدید (بے شک تمھارے رب کی پکڑ بہت سخت ہے۔) دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جب اپنی صفت ’’منتقم‘‘ کا مظاہرہ فرمایا اور پھر خود کو چند لمحوں کے لیے قہار و جبار کے طور پر پیش کیا تو بڑی بڑی حکومتیں ، عظیم الشان سلطنتیں اور بڑے بڑے سورما ایک لمحے میں نیست و نابود ہوگئے۔

ایک مسلمان اور خاص طور پر ایک داعی کے لیے اللہ تعالیٰ کے یہ جلالی اوصاف بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان پاکیزہ ناموں سے خوفِ خدا اور اس سے آگے بڑھ کر تقویٰ کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے اور زندگی کے راستے میں ہونے والی تکالیف پر صبر کا جذبہ بھی حاصل ہوتا ہے۔ اُسے اس بات کا یقین ہوتا ہے کہ آج اگر کوئی ہمیں تکلیف پہنچا رہا ہے تو کل دنیا یا آخرت میں اُسے ضرور قہار و جبار پروردگار کے سامنے کھڑے ہونا پڑے گا اور حساب دینا ہوگا. اسی طرح ان اسماء کے استحضار سے ظالم کے ظلموں کو ٹال کر آگے گزرنے کی ہمت بھی ہوتی ہے اور ظالم کے لیے مزید ہم دردی بھی پیدا ہوتی ہے کہ یہ بے چارہ آج کبر و نخوت کی وجہ سے ہمارے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔ لیکن اسے اندازہ نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ کتنا زبردست اور کیسا طاقت ور ہے

ڈاکٹر محمد منظور عالم

چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز، نئی دہلی




Back   Home